کراچی: امجد صابری اور تیموریہ امام بارگاہ حملہ کیس کے ہائی پروفائل ٹارگٹ کلرز بری

کراچی (ڈیلی اردو) عدالت نے امجد صابری سمیت 5 شہریوں کے قتل کے مقدمے میں ملوث کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی مجرم اسحاق عرف بوبی اور مجرم عاصم کیپری کو عدم شواہد کی بنیاد پر قتل کے 4 مقدمات میں بری کرتے ہوئے مفرور 3 ٹارگٹ کلرز کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 16 نے ڈاکٹر سمیت 5 شہریوں کے قتل کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا جس میں پراسیکیوشن ایک بار پھر امجد صابری قتل کیس میں سزا پانے والے لشکر جھنگوی کے ہائی پروفائل ٹارگٹ کلرز پر جرم ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی۔

عدالت نے ڈاکٹر سمیت 5 شہریوں کے قتل کے مقدمے میں مجرم اسحاق عرف بوبی اور مجرم عاصم کیپری کو عدم شواہد کی بنیاد پر قتل کے 4 مقدمات میں بری کرتے ہوئے مفرور 3 ٹارگٹ کلرز کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

بری کیے جانے والے مقدمات میں تیموریہ امام بارگاہ حملہ اور یوسف پلازا میں کلینک پر حملہ شامل ہیں۔ ان میں سمن آباد میں مشتاق احمد کو قتل کرنے اور تھانہ یوسف پلازا میں اعوان نواز کو قتل کرنے کا مقدمہ بھی شامل ہے۔

عدالت نے مقدمات میں مفرور 3 ٹارگٹ کلرز کے تاحیات وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئیے۔ مفرور ملزمان میں حماد عرف چیتا، ملن عرف ٹوپی والا اور ہاشم عرف گڈو عبدالمجید شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں