پاکستان اور بھارت ہتھیاروں کے سب سے بڑے خریداروں میں شامل، رپورٹ

اسٹاک ہوم (ڈیلی اردو/ڈی ڈبلیو/روئٹرز) عالمی امن پر تحقیق کرنے والے ادارے سپری (SIPRI) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ہتھیاروں کے سب سے بڑے خریداروں میں شامل ہیں۔

گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پوری دنیا میں درآمد کیے جانے والے مجموعی ہتھیاروں کا ایک تہائی سے زیادہ امریکا نے فروخت کیا اور اس نے اپنے تقریباً نصف ہتھیار مشرق وسطیٰ کے ممالک کو برآمد کیے گئے۔

اسٹاک ہوم انٹرنیشل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سپری) کی طرف سے پیر کے روز جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سن 2016 سے سن 2020 تک پوری دنیا میں اسلحے کی فروخت کا رجحان کم ہوتا دکھائی دیا جب کہ پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، چین اور جنوبی کوریا اسلحہ درآمد کرنے والے بڑے ممالک میں شمار ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ایشیا اور اوشینیا ہتھیار درآمد کرنے والے سب سے بڑے خطے رہے۔ سن 2016 سے سن 2020 کے درمیان اس خطے کے ملکوں میں عالمی ہتھیاروں کا 42 فیصد درآمد کیا گیا۔

سپری کے سینیئر محقق زیمون ویزے مین کے مطابق، ”ایشا اور اوشینیا کے بہت سے ممالک میں یہ سوچ گہری ہو رہی ہے کہ اسلحے کی درآمد میں اضافے کی وجہ چین کی وجہ سے لاحق بڑھتے ہوئے خطرات ہیں۔”

سعودی عرب ہتھیار درآمد کرنے والوں میں سرفہرست

سپری کی رپورٹ کے مطابق سن 2011 سے سن 2015 کے مقابلے میں سن 2016 سے سن 2020 تک کے درمیان مشرق وسطیٰ میں ہتھیاروں کی درآمد میں سب سے زیادہ 25 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سعودی عرب دنیا میں ہتھیار درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ اس کے ہاں ہتھیاروں کی درآمد میں 61 فیصد اضافہ ہوا جبکہ قطر میں ہتھیاروں کی درآمد میں 361 فیصد اضافہ ہوا۔

متحدہ عرب امارات نے پچھلے دنوں امریکا سے 23 ارب ڈالر کے ہتھیاروں کی خریداری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت یو اے ای امریکا سے پچاس ایف 35 جنگی طیارے اور 18مسلح ڈرونز خریدے گا۔

امریکا ہتھیار فروخت کرنے میں سب سے آگے

سن 2016 سے سن 2020 تک کے درمیان دنیا بھر میں جتنے بھی ہتھیار فروخت کیے گئے، ان کا 37 فیصد امریکا نے فروخت کیا۔ امریکا نے 96 ملکوں کو ہتھیار برآمد کیے۔

سپری نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکانے جتنے ہتھیار فروخت کیے، ان کا تقریباً نصف مشرق وسطیٰ کے ملکوں کو فروخت کیا گیا۔ سن 2011 سے سن 2015 تک کے مقابلے میں امریکی ہتھیاروں کی برآمد میں پندرہ فیصد کا اضافہ بھی ہوا۔

سعودی عرب دنیا میں ہتھیار درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ اس کے ہاں ہتھیاروں کی درآمد میں 61 فیصد اضافہ ہوا جبکہ قطر میں ہتھیاروں کی درآمد میں 361 فیصد اضافہ ہوا۔

دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ خریدنے والے ممالک

1۔ سعودی عرب

سعودی عرب نے سب سے زیادہ عسکری ساز و سامان خرید کر بھارت سے اس حوالے سے پہلی پوزیشن چھین لی۔ سپری کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فروخت ہونے والا 12 فیصد اسلحہ سعودی عرب نے خریدا۔ 68 فیصد سعودی اسلحہ امریکا سے خریدا گیا۔

2۔ بھارت

عالمی سطح پر فروخت کردہ اسلحے کا 9.5 فیصد بھارت نے خریدا اور یوں اس فہرست میں وہ دوسرے نمبر پر رہا۔ سپری کے مطابق بھارت اس دوران اپنا 58 فیصد اسلحہ روس، 15 فیصد اسرائیل اور 12 فیصد اسلحہ امریکا سے درآمد کیا۔

3۔ مصر

مصر حالیہ برسوں میں پہلی مرتبہ اسلحہ خریدنے والے ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہوا۔ مصر کی جانب سے سن 2014 اور 2018ء کے درمیان خریدے گئے اسلحے کی شرح مجموعی عالمی تجارت کا تیرہ فیصد بنتی ہے۔ اس سے پہلے کے پانچ برسوں میں یہ شرح محض 1.8 فیصد تھی۔ مصر نے اپنا 37 فیصد اسلحہ فرانس سے خریدا۔

4۔ آسٹریلیا

مذکورہ عرصے میں اس مرتبہ فہرست میں آسٹریلیا کا نمبر چوتھا رہا اور اس کے خریدے گئے بھاری ہتھیاروں کی شرح عالمی تجارت کا 4.6 فیصد رہی۔ آسٹریلیا نے 60 فیصد اسلحہ امریکا سے درآمد کیا۔

5۔ الجزائر

شمالی افریقی ملک الجزائر کا نمبر پانچواں رہا جس کے خریدے گئے بھاری ہتھیار مجموعی عالمی تجارت کا 4.4 فیصد بنتے ہیں۔ اس عرصے میں الجزائر نے ان ہتھیاروں کی اکثریت روس سے درآمد کی۔

6۔ چین

چین ایسا واحد ملک ہے جو اسلحے کی درآمد اور برآمد کے ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہے۔ سن 2014 اور 2018ء کے درمیان چین اسلحہ برآمد کرنے والا پانچواں بڑا ملک لیکن بھاری اسلحہ خریدنے والا دنیا کا چھٹا بڑا ملک بھی رہا۔ کُل عالمی تجارت میں سے 4.2 فیصد اسلحہ چین نے خریدا۔

7۔ متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات بھی سعودی قیادت میں یمن کے خلاف جنگ میں شامل ہے۔ سپری کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران متحدہ عرب امارات نے بھاری اسلحے کی مجموعی عالمی تجارت میں سے 3.7 فیصد اسلحہ خریدا جس میں سے 64 فیصد امریکی اسلحہ تھا۔

8۔ عراق

امریکی اور اتحادیوں کے حملے کے بعد سے عراق بدستور عدم استحکام کا شکار ہے۔ عالمی برادری کے تعاون سے عراقی حکومت ملک میں اپنی عملداری قائم کرنے کی کوششوں میں ہے۔ سپری کے مطابق عراق بھاری اسلحہ خریدنے والے آٹھواں بڑا ملک ہے اور بھاری اسلحے کی خریداری میں عراق کا حصہ 3.7 فیصد بنتا ہے۔

9۔ جنوبی کوریا

سپری کی تازہ فہرست میں جنوبی کوریا سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والا دنیا کا نواں بڑا ملک رہا۔ اسلحے کی مجموعی عالمی تجارت میں سے 3.1 فیصد اسلحہ جنوبی کوریا نے خریدا۔ پانچ برسوں کے دوران 47 فیصد امریکی اور 39 فیصد جرمن اسلحہ خریدا گیا۔

10۔ ویت نام

بھاری اسلحہ خریدنے والے ممالک کی فہرست میں ویت نام دسویں نمبر پر رہا۔ سپری کے مطابق اسلحے کی عالمی تجارت میں سے 2.9 فیصد حصہ ویت نام کا رہا۔

11۔ پاکستان

پاکستان گزشتہ درجہ بندی میں عالمی سطح پر فروخت کردہ 3.2 فیصد اسلحہ خرید کر نویں نمبر پر تھا۔ تاہم تازہ درجہ بندی میں پاکستان نے جتنا بھاری اسلحہ خریدا وہ اسلحے کی کُل عالمی تجارت کا 2.7 فیصد بنتا ہے۔ پاکستان نے اپنے لیے 70 فیصد اسلحہ چین، 8.9 فیصد امریکا اور 6 فیصد اسلحہ روس سے خریدا۔

سب سے زیادہ فضائی طاقت والی افواج

1- امریکا

گلوبل فائر پاور کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی فضائیہ دنیا کی سب زیادہ طاقت ور ترین ہے۔ امریکی فضائیہ کے پاس لگ بھگ 14 ہزار طیارے ہیں۔ ان میں سے 2300 جنگی طیارے، 3 ہزار کے قریب اٹیک ائیر کرافٹ، تقریبا 6 ہزار کارگو طیارے، لگ بھگ 3 ہزار تربیتی جہاز اور تقریبا 6 ہزار ہیلی کاپٹر ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں 1000 اٹیک ہیلی کاپٹرز بھی شامل ہیں۔

2- روس

دنیا کی دوسری بڑی فضائی طاقت روس ہے، جس کے پاس تقریبا 4 ہزار طیارے ہیں۔ ان میں 806 جنگی طیارے، 1500 کے قریب اٹیک ایئر کرافٹ، 1100 کے قریب آمدو رفت کے لیے استعمال ہونے والے طیارے، لگ بھگ 400 تربیتی طیارے اور 1400 کے قریب ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے 490 اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

3- چین

چینی فضائیہ کے پاس لگ بھگ 3 ہزار طیارے ہیں۔ دنیا کی تیسری طاقت ور ترین فضائی فورس کے پاس 1300 کے قریب جنگی طیارے، قریب 1400 اٹیک ایئر کرافٹ، آمدو رفت کے لیے استعمال ہونے والے 782طیارے، 352 تربیتی طیارے اور ایک ہزار کے قریب ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے لگ بھگ دو سو اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

4- بھارت

بھارتی فضائیہ کے پاس دو ہزار سے زیادہ طیارے ہیں۔ دنیا کی اس چوتھی طاقت ور ترین فضائیہ کے پاس 676 جنگی طیارے، قریب آٹھ سو اٹیک ایئر کرافٹ، آمدو رفت کے لیے استعمال ہونے والے ساڑھے آٹھ سو طیارے، 323 تربیتی طیارے اور لگ بھگ ساڑھے چھ سو ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے سولہ اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

5- جاپان

گلوبل فائر پاور کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اس فہرست میں جاپان کا نمبر پانچواں ہے، جس کے پاس تقریبا سولہ سو طیارے ہیں۔ ان میں سے لگ بھگ 300 جنگی طیارے، تین سو اٹیک ائیر کرافٹ، سامان کی ترسیل کے لیے مختص پانچ سو کے قریب طیارے، 447 تربیتی طیارے اور کل 659 ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹروں میں سے 119 اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

6- جنوبی کوریا

چھٹے نمبر پر جنوبی کوریا ہے، جس کی فضائیہ کے پاس لگ بھگ پندرہ سو طیارے ہیں۔ ان میں سے 406 جنگی طیارے، ساڑھے چار سو اٹیک ائیر کرافٹ، آمد ورفت کے لیے مختص ساڑھے تین سو طیارے، 273 تربیتی طیارے اور لگ بھگ سات سو ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے 81 اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

7- فرانس

دنیا کی ساتویں بڑی فضائی طاقت فرانس کے پاس لگ بھگ تیرہ سو طیارے ہیں۔ ان میں سے تقریبا تین سو جنگی طیارے ہیں، اتنی ہی تعداد اٹیک ائیر کرافٹ کی ہے۔ اس ملک کے پاس آمد ورفت کے لیے مختص لگ بھگ ساڑھے چھ سو طیارے، قریب تین سو تربیتی طیارے اور تقریبا چھ سو ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے پچاس اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

8- مصر

دنیا کی آٹھویں بڑی فضائی فورس مصر کے پاس کل ایک ہزار سے زیادہ طیارے ہیں۔ ان میں سے تین سو سے زیادہ جنگی طیارے، چار سو سے زیادہ اٹیک ائیر کرافٹ،260 آمد ورفت کے لیے مختص طیارے، 384 تربیتی طیارے اور کل 257 ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے 46 اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

9- ترکی

دنیا کی نویں بڑی فضائیہ ترکی کے پاس بھی ایک ہزار سے زیادہ طیارے ہیں۔ ان میں سے 207 جنگی طیارے ہیں جبکہ اتنی ہی تعداد اٹیک ائیر کرافٹ کی ہے۔ ترکی کے پاس آمد ورفت کے لیے مختص 439 طیارے، 276 تربیتی طیارے اور لگ بھگ ساڑھے چار سو ہیلی کاپٹرز ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے 70 اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

10- پاکستان

پاکستانی فضائیہ کا شمار دنیا کی دسویں فورس کے طور پر کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے پاس تقریبا ساڑھے نو سو طیارے ہیں۔ ان میں سے تین سو جنگی طیارے، قریب چار سو اٹیک ائیر کرافٹ، آمد ورفت کے لیے مختص261 طیارے، دو سو کے قریب تربیتی طیارے اور کل 316 ہیلی کاپٹر ہیں۔ ان ہیلی کاپٹرز میں سے 52 اٹیک ہیلی کاپٹرز ہیں۔

اسلحہ کے رجحان میں کمی

سپری کی رپورٹ کے مطابق سن 2016 سے سن 2020 تک پوری دنیا میں اسلحے کی فروخت نسبتاً کم رہی۔ تحقیق کے مطابق ایک دہائی تک اسلحے کی فروخت میں اضافے کا رجحان جاری رہنے کے بعد اب اس میں کمی دیکھی گئی ہے۔

اسلحہ برآمد کرنے والے تین بڑے ملکوں امریکا، فرانس اور جرمنی کی جانب سے اسلحے کی برآمد میں اضافہ ہوا لیکن روس اور چین کی برآمدات میں کمی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق روس ہتھیار برآمد کرنے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ فرانس تیسرے نمبر پر ہے۔ تاہم بھارت کی طرف سے روسی ہتھیاروں کی درآمد میں کمی کی وجہ سے روسی ہتھیاروں کی برآمد میں کمی ہوئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سن 2001 سے لے کر سن 2005 تک کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مختلف ملکوں کے درمیان اسلحے کے بڑے سودے نہیں ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہتھیاروں کی طلب میں کمی ہوئی ہے۔

کووڈ کے اثرات، کچھ کہنا قبل از وقت

سپری کے مطابق کورونا کی وبا کی وجہ سے دنیا بھرمیں قومی معیشتیں بری طرح متاثر ہوئیں اور متعدد ممالک گہرے معاشی زوال کا شکار ہیں۔ لیکن یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا کہ اسلحے کی فروخت میں ہونے والی کمی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سینیئر محقق ویزے مین کا کہنا تھا، ”کووڈ انیس کے معاشی اثرات کے پیش نظر آنے والے برسوں میں بعض ممالک کو اپنے ہاں اسلحے کی درآمدات کا نئے سرے سے جائزہ لینا ہو گا۔ تاہم اس کے ساتھ ہی ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ جب سن 2020 میں کورونا وائرس کی وبا زوروں پر تھی، تب بھی ہتھیاروں کی تجارت کے بڑے معاہدے بہرحال کیے گئے۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں