پنجاب: لاہور میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 غیر ملکی دہشت گرد گرفتار

لاہور (اے ڈی شہزاد) پنجاب کا صوبائی دارالحکومت لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاری اڈہ سے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور میں لاری اڈہ سے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کر کے اسلحہ، دھماکا خیز مواد، موبائل فونز برآمد کر لئے ہیں۔

سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے جن کی ولایت خان، عبدالملک عرف عزت اللہ کے نام سے شناخت ہوئی۔دہشت گردوں سے اسلحہ، دھماکا خیز مواد، موبائل فونز، اقلیتی رہنماﺅں کی لسٹ برآمد ہوئی ہے، دہشت گردوں سے دوران تفتیش ان کے نیٹ ورک سے متعلق مزید معلومات مل سکتی ہیں۔

دوسری جانب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے سعدی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز پر حملوں میں ملوث 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دستی بم برآمد کر لیے، ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں صادق اور مختیار شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں