سری لنکا میں انفیکشن کی شرح انڈیا سے کئی گنا زیادہ

کولمبو (ڈیلی اردو/بی بی سی) سری لنکا میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی شرح انڈیا سے کہیں گنا زیادہ ہے۔

سری لنکا کے پبلک ہیلتھ انسپکٹرز (پی ایچ آئی) کے سکریٹری ایم بالاصوریہ نے کولمبو گزٹ کو بتایا کہ آبادی کے تناسب سے سری لنکا میں موجودہ انفیکشن کی شرح انڈیا سے کئی گنا زیادہ ہے۔

سنہالہ اور تمل نئے سال کے بعد سری لنکا میں روزانہ اوسطاً 1900 کووڈ متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں۔

سری لنکا: ایک شخص میں کووڈ کی ’انڈین قسم‘ کی تشخیص

سری لنکا میں محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر چندیما جیوردنا نے کہا ہے کہ کولمبو میں ایک شخص میں کووڈ 19 کی انڈین قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص میں علامات ظاہر ہونے کے بعد اس کا کووڈ ٹیسٹ کیا گیا تھا اور کولمبو کے ایک نجی ہسپتال میں نمونے بھیجے گئے تھے جس کے بعد کورونا کی انڈین قسم کی تصدیق ہوئی۔

یہ شخص حال ہی میں انڈیا سے سری لنکا آیا تھا۔

انڈیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ہنگامی صورتحال اختیار کر چکی ہے اور دو کروڑ سے زیادہ متاثرین کے ساتھ یہ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

ادھر انڈیا میں مسلسل کئی روز سے یومیہ چار لاکھ سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔

بھارت میں ہفتے کو کرونا وائرس کے سبب ریکارڈ چار ہزار 187 یومیہ اموات رپورٹ کی گئیں۔

محکمۂ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی اموات کے بعد وبا سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ وبا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں اور کیسز کی تعداد رپورٹ کیے جانے والے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

ملک میں گزشتہ روز مزید چار لاکھ 1078 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ 19 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں وبا کی دوسری لہر کے دوران طبی نظام مفلوج ہونے کے قریب ہے۔ جب کہ اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی شدید کمی ہے۔

شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں جگہ کم پڑنے لگی ہے اور آخری رسومات پارکوں اور کار پارکنگز میں ادا کی جاری ہیں۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر اس وقت کورونا وائرس کے کل مصدقہ متاثرین کی تعداد 15 کروڑ، 60 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ اس عالمی وبا سے 32 لاکھ سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں