کرم ویلی ٹیچرز ایسوسی ایشن اور اساتذہ کا ڈی ای او کرم اور اکاؤنٹ آفیسر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

پاراچنار (ڈیلی اردو) کرم ویلی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور اساتذہ نے ڈی ای او کرم اور اکاؤنٹ آفیسر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید حسین اور اکاؤنٹ آفیسر عظمت اللہ کی فوری تبادلے کا مطالبہ کردیا

پاراچنار پریس کلب کے سامنے کرم ویلی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور سینکڑوں اساتذہ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید حسین اور اکاؤنٹ آفیسر عظمت اللہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ڈی ای او کرم اور اکاؤنٹ آفیسر کے خلاف نعرے درج تھے احتجاج مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کرم ویلی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر سید زاہد حسین، نائب صدر مجاہد حسین، جنرل سیکرٹری محمد حسین، ماسٹر ملک اقبال، ماسٹر نبی حسین اور دیگر اساتذہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید حسین اساتذہ کی حقوق کو غصب کررہے ہیں اور بد عنوانی میں ملوث ہیں۔

انہوں نے اشتہارات پالیسیز اور کلاس فور کی تقرریوں میں سلیکشن کمیٹی کو بے خبر رکھتے ہوئے تقرریاں کی ہیں جو کہ قانونا ناانصافی ہے مقررین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید حسین نے محکمہ تعلیم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور حالیہ بھرتیوں اور دیگر مواقع پر بھاری رشوت لیکر تعیناتیاں کی ہیں اور بھاری رشوت پر ایک افغانی کو محکمہ تعلیم میں بھرتی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے اکاؤنٹ آفیسر عظمت اللہ نے چارج سنبھال لیا ہے اساتذہ کی اپ گریڈیشن اور پروموشن کے ساتھ ساتھ ڈی سی ایس کے تمام کیسیز جوں کے توں پڑے ہیں اور اکاؤنٹ آفس ایکس چینج بن چکا ہے رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج قوم کے معمار نا اہل ڈی ای او کی کرتوتوں کی وجہ سے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

مظاہرین نے ڈی ای او اور اکاؤنٹ آفیسر کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا اور اعلی حکام سے ڈی ای او سید حسین اور اکاؤنٹ آفیسر عظمت اللہ کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر پانچ مارچ تک متعلقہ افسران کا تبادلہ نہ کیا گیا تو اجتجاجا تمام سکول بند کردیے جائیں گے مظاہرین نے ٹل پاراچنار روڈ پر علامتی دھرنا بھی دیدیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں