شمالی وزیرستان: کینٹ ایریا پر راکٹوں سے حملہ، ایک اہلکار زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کینٹ پر منگل کی رات راکٹوں سے حملہ کیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق منگل کی رات تقربیا آٹھ بجے کے قریب راکٹ حملہ کیا گیا۔ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سرکاری ذرائع نے کینٹ پر راکٹ حملے کی تصدیق کی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ راکٹ کینٹ کے مختلف علاقوں میں گرے ہیں جس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

کم فاصلے سے فائر کیے گئے تین راکٹ میں سے ایک راکٹ ایف سی پبلک سکول پر گرا جس سے سکول کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دوسرا راکٹ جوڈیشل کمپلیکس پر گرا جس سے عمارت کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ تیسرا راکٹ ایف پبلک سکول کے سامنے مین روڈ پر گرا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ راکٹ حملوں میں ایک سیکیورٹی اہلکار لانس نائیک شہریار معمولی زخمی ہوا ہے۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس افسران، سول ڈیفنس اور فوج کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کی جانب جانے والی سڑکیں بند کر دیں۔

راکٹ حملوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ابھی تک کسی تنظیم کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں