ہنگو میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، تحریک طالبان پاکستان کے 9 دہشت گرد گرفتار‬‎

ہنگو (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ہنگو کے علاقے رحمت شاہ بانڈہ افغان مہاجر کیمپ میں واقع ایک گھر سے 9 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 3 عدد کلاشنکوف، ایک عدد رائفل، 2 عدد آر پی جی، 14 عدد آر پی جی گولے، 529 کارتوس، 18 عدد میگزین، ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک عدد نمبر پلیٹ کے بغیر موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان میں شمالی وزیرستان کے رہائشی سید ریاض، رسول محمد، سعداللہ، ضلع بنوں کے مسعود احمد، حبیب اللہ، عمر اور مغفور اللہ شامل ہے جب کہ لکی مروت کے فواد خان اور ضلع مہمند سے حجت اللہ بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہے۔

سی ٹی ڈی کا بتانا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے خصوصی تفتیشی ٹیم مقرر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں