سینئر صحافی مدثر نارو تاحال بازیاب نہ ہوسکا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) سینئر صحافی مدثر نارو تاحال لاپتہ ہیں اور اس واقعے کو تین سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے، اب لیگی رہنما مریم نواز نے لاپتہ صحافی مدثر نارو کی فیملی سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ جلد باحفاظت صحافی مدثر نارو کو بازیاب کرالیا جائے گا۔

انہوں نے مزید امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ بچہ جلد اپنے والد سےمل سکے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے مزید بات پی ایف یو جے کے فورم پر کرینگی کیونکہ وہ وہیں جارہی ہیں۔

مدثر ناور دوہزار اٹھارہ میں چھٹیوں پر ناران گئے تھے اور جب سے وہ لاپتہ ہیں۔

مدثر نارو کو اس وقت اغواء کیا گیا تھا جب انکے بچے کی عمر محض چھ ماہ تھی، اور اب انکا یہ بچہ ساڑھے تین کا ہوگیا ہے لیکن تاحال اسکے والد لاپتہ ہیں۔

مدثر نارو کی اہلیہ بھی اپنے شوہر کی بازیابی کیلئے تسلسل کے ساتھ احتجاج کرتی رہی ہیں لیکن اب انکا بھی انتقال ہوچکا ہے۔

اب مدثر نارو کے نونہال بچے کی پرورش اسکی دادی راحت بی بی کررہی ہیں، راحت بی بی مدثر نارو کی والدہ ہیں۔ اب وہ اپنے بیٹے کی بازیابی کیلئے کمربستہ ہیں۔

گزشتہ روز صحافی اور شاعر مدثر نارو کی بازیابی کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، شرکاء سے خطاب میں مدثر نارو کی والدہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ میرے بیٹے کو بازیاب کروائیں گے، ریاست مدینہ کے والی عمران خان قیامت کے دن کیا جواب دیں گے، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد میرے بیٹے کی بازیابی کے لیے کردار ادا کریں، بدقسمتی سے مدثر نارو تین سال سے لاپتہ ہے لیکن ابھی تک کوئی وعدہ وفا نہیں ہو سکا۔

عثمان وڑائچ ایڈووکیٹ کوآرڈینیٹر جرنلسٹس ڈیفنس کمیٹی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملہ دس ماہ سے زیر التواء ہے، عدالت اور ریاست کا کام ہے کہ مدثر نارو کو بازیاب کروایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں