شمالی کوریا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ

پیانگ یانگ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔

جاپانی کوسٹ گارڈ کا بھی کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔

شمالی کوریا کا رواں سال یہ 13واں بیلسٹک میزائل تجربہ ہے۔ شمالی کوریا کا 16 مارچ کو کیا گیا میزائل تجربہ ناکام ہوگیا تھا۔

امریکا، جاپان کی شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت

امریکا نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کے مطابق امریکا شمالی کوریا کے لانگ رینج بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت کرتا ہے، میزائل تجربہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی ڈھٹائی سے خلاف ورزی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ میزائل تجربہ کرنا خطے میں بلاوجہ تناؤ بڑھانے اور خطے کی سلامتی کو غیرمستحکم کرنے کے خطرات میں اضافہ کرنے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب جاپان نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل لانچ کو ناقابل معافی اور اشتعال انگیز قرار دے دیا ہے۔

جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کا اقدام جاپان، خطے اور عالمی برادری کے امن و سلامتی کے لیے دھمکی آمیز ہے، ایسے اقدامات بالکل بھی قبول نہیں کیے جائیں گے۔

شمالی کوریا نے آج مشتبہ بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا جو جاپان کے خصوصی صنعتی زون میں گرا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں