چوہدری پرویز الٰہی اور عمران خان کے درمیان ایف آئی آر کے معاملے پر اختلافات ہوگئے

لاہور (ڈیلی اردو) سابق وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے درمیان ایف آئی آر کے معاملے پر اختلافات ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے عمران خان کے رویے پر ناراضی کا اظہار کیا۔

چوہدری پرویز الہی نے ایف آئی آر میں نامزد کردہ تین ملزمان کے حوالے سے عمران خان سے چوبیس گھنٹے میں دو ملاقاتوں کے باوجود معاملہ طے نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب واقعے کی قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کروانا چاہتے ہیں جبکہ پی ٹی آئی قیادت اعلان کے مطابق تین اہم شخصیات کے خلاف ایف آئی آر درج کرانا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان سے دو ملاقاتوں کے بعد صوبائی وزراء کے ساتھ مشاورت کی تاہم مقدمہ اندراج کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی قانون اور عمران خان اپنی خواہش کے مطابق ایف آئی آر کٹوانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر آباد میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں پی ٹی آئی چیئرمین سمیت 13 افراد زخمی جبکہ ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔

لانگ مارچ میں شریک افراد نے موقع سے ایک شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا جس کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی تھی، بعد ازاں پولیس نے نوید کے گھر والوں کو بھی حفاظتی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی تھی۔

تاہم اب تک حملے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں