بھارت کے متنازع بیانات: دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے ’ہمہ وقت‘ تیار ہیں، آرمی چیف سید عاصم منیر

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھارتی عہدیدار کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر پر قبضے کے متنازع بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ’ہمہ وقت‘ تیار ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نئے آرمی چیف نے بھارتی عہدیدار کے بیانات پر ردعمل دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ فوج نے بھارتی قیادت کی جانب سے حال ہی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر کے حوالے سے دیے گئے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ’میں یہ واضح کردوں کہ اگر ہمارے اوپر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف اپنے مادر وطن کے ہر چپے کے دفاع کے لیے بلکہ دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے بھی تیار ہے‘۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ ’بہادر قوم کی مدد سے ہماری مسلح افواج دشمن کی کسی قسم کی مہم جوئی کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیں گی‘۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاست کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔

آرمی چیف نے دنیا سے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرے اور انصاف کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر آرمی چیف کو ایل او سی کی صورت حال اور فارمیشنز کی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور مشکل حالات میں فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے اعلیٰ حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاریوں کو سراہا‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں