سلیم کھتری: کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کالعدم تنظیم اہلسنت و الجماعت کا رہنما ہلاک

کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی اہلسنت و الجماعت کے رہنما اور صوبائی قانونی مشیر سلیم کھتری نیو کراچی میں ایک قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1638553828508450816?t=SWZL8c21sl4DbnkZnDeUfQ&s=19

پولیس کے مطابق 55 سالہ سلیم کھتری پر نیو کراچی سیکٹر فائیو جی میں ان کے گھر کے قریب قاتلانہ حملہ کیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل معروف عثمان کے مطابق مقتول بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر 5 جی میں واقع ایک پان کی دکان پر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل پر آنے والے 4 ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ سلیم کھتری کو 6 گولیاں لگی ہیں۔

سلیم کھتری کو قاتلانہ حملے کے فوری بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

ترجمان اہلسنت و الجماعت کے مطابق مقتول اہل سنت و الجماعت کراچی ڈویژن کے رہنما اور صوبائی قانونی مشیر تھے۔

واضح رہے کہ منگل کو گلستان جوہر میں پاکستان علماء کونسل ایسوسی ایشن کے رکن اور جامعہ مسجد محمدیہ کے مہتم مولانا عبدالقیوم صوفی کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا جبکہ بدھ کو نیو کراچی میں اہلسنت و الجماعت کے رہنما سلیم کھتری کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

کراچی میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 3 مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں