پشاور سے تین افراد کی لاشیں برآمد

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنھیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ تھانہ سربند کے علاقہ اخون محمد لنڈی میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کے دوران برساتی نالے سے 3 لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں، تینوں افراد کو کلاشنکوف سے سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے جن میں ایک افغان باشندہ بھی شامل ہے۔

پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے خیبرمیڈیکل کالج منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

سربند پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ اخون محمد لنڈی میں برساتی نالے میں تین افراد کی لاشیں پڑی ہیں جس پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی۔

مقتولین کی شناخت محمد زاہد ولد محمد صدیق ساکن لنڈی ارباب ، ناصرساکن سواتی پھاٹک اور زبیر کے نام سے ہوئی ہیں جن میں زبیر افغان باشندہ بتایاجاتا ہے۔مقتول محمد زاہد کی عمر 26سال بتائی جاتی ہے۔

تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے کلاشنکوف کے متعدد خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکٹھی کرلی ہیں اور خدشہ یہی ظاہر کیاہے کہ تینوں کو اسی جگہ پرنامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کیا ہے۔

لاشوں کو ایدھی فائونڈیشن کے رضاکاروں نے پولیس کی نگرانی میں مردہ خانہ منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولین کے ورثا ء کے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں