کراچی میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا دستی بم سے حملہ، 3 اہلکار زخمی

کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی حکومت کراچی میں سچّل تھانے کی پولیس موبائل پر گشت کے دوران دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا، جس میں ہیڈ محرر سمیت 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ماسک پہنا ہوا تھا، واقعے کے فوری بعد زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ہسپتال میں زخمی اہلکاروں کی شناخت خمیسو، عبدالصمد اور عبدالنبی کے نام سے ہوئی ہے۔

نامعلوم حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی موقع پر پہنچ گئے۔

حملے میں متاثر ہونے والی پولیس موبائل کو سچل پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ نے بتایا کہ واقعہ رم جھم اپارٹمنٹس کے قریب پیش آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس موبائل پر دستی بم حملہ کیا گیا یا کریکر دھماکا تھا، اس کا تعین کر رہے ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ کا مزید کہنا ہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب کالعدم سندھودیش روولیوشنری آرمی نے سچل پولیس موبائل پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں