جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر حملے: مسیحیوں نے رات کھیتوں میں گزاری

لاہور (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں بدھ کے روز جلاؤ گھیراؤ کے بعد مسیحی خاندانوں نے اپنی جانیں بچانے کے لیے رات ویرانے اور کھیتوں میں گزاری، کئی خاندانوں کو گھر چھوڑ کر اپنے عزیز و اقارب کے پاس دیگر علاقوں میں منتقل ہونا پڑا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے پر متاثرہ خاندانوں کی واپسی جاری ہے۔

جڑانوالہ واقعات میں 16 گرجا گھروں کو آگ لگائی گئی، کرسچن کالونی میں 11 بجے مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی، چرچ اور گھروں کو آگ لگائی۔

مظاہرین کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کے گھر کو بھی آگ لگا دی گئی۔

واقعات میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی نقصانات کا جائزہ لے کر تین دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔

ملزمان تک پہنچنے کیلئے حکومت نے کریک ڈاؤن شروع کردیا، مسجد میں اعلان کرکے لوگوں کو اشتعال دلانے والے ملزم یاسین سمیت جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 128 ملزمان گرفتار کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ بدھ کے صبح قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے واقعے کے بعد مشتعل شدت پسند مسلمانوں کی جانب سے مسیحی آبادی پر دھاوا بول کر متعدد چرچوں اور گھروں کو نذرِ آتش کر دیا گیا تھا.

اپنا تبصرہ بھیجیں