مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے، ایرانی وزیر خارجہ

تہران (ڈیلی اردو/بی بی سی) ایران نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی زمینی حملے سے مشرق وسطیٰ میں تنازعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان خیالات کا اظہار ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق انھوں نے کہا کہ ’کوئی بھی صورتحال پر قابو پانے اور تنازعات کے پھیلاؤ پر میں اضافے کی ضمانت نہیں دے سکتا۔‘

امیر عبداللہیان نے کہا کہ ’جو کوئی بھی موجودہ بحران کو بڑھنے سے روکنے میں دلچسپی رکھتا ہے اسے ’غزہ میں شہریوں اور شہریوں کے خلاف اسرائیل کے موجودہ وحشیانہ حملوں’ کو روکنا ہوگا۔‘

ایرانی عہدیدار نے اسرائیل کی مکمل حمایت پر امریکہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایران کے اعلیٰ سفارت کار خطے کے دورے پر ہیں انھوں نے قطر کے بعد عراق، لبنان اور شام بھی جانا ہے۔

ہفتے کے روز قطر میں انھوں نے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ سے بھی ملاقات کی ہے۔

واضح رہے کہ حماس کے حملوں میں اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد 1400 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 2300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں