افغان حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان پر اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد کردی

کابل (ڈیلی اردو/ٹی این این) افغان حکومت نے افغانستان میں مقیم کالعدم ٹی ٹی پی پر اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی لگائی ہے۔

امارت اسلامی افغانستان کے کمانڈر کی خوست کے علاقے میں طالبان کو ہدایات دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں عسکری کمانڈر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں۔

افغان کمانڈر کا کہنا تھا کہ امارت اسلامی کے رسمی کارڈ نہ رکھنے والے آئندہ اسلحہ ساتھ لیکر نہ چلیں، آپ لوگ ہمارے یہاں مہاجر اور ہمارے لیے قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب سے نظامی لباس پہننے اور گاڑی کے کالے شیشوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی، یہ تبلیغی حکومت نہیں کہ آپ کی منت کریں، اس میں ہم سب کی خیر ہوگی۔

افغان کمانڈر کا کہنا تھا کہ امارت اسلامی حاکم اور ہم حفاظت پر مامور ہیں، امارت اسلامی کے خلاف بات کرنے والا گرفتار ہوا تو پھر اس کا نہ پوچھے۔

ڈائریکٹر اینٹی کرائمز کا کہنا تھا کہ خوست میں 30 لاکھ افغانی کی لاگت سے کیمرے لگا رہے ہیں، اہم مقامات پر نگرانی کے لیے 15 کیمرے لگائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں