عراق: بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکوں کی اطلاعات

بغداد (ڈیلی اردو/رائٹرز/وی او اے) عراق کے دارالحکومت بغداد کے انتہائی حساس علاقے گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔

سوشل میڈیا پر بغداد کے گرین زون کی ویڈیوز وائرل ہیں جن میں امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکوں کی آوازوں کے ساتھ ساتھ سائرن کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں نے فوری طور پر دھماکوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے۔

البتہ فوری طور پر یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا امریکی سفارت خانے کا ڈیفنس سسٹم دھماکوں کے بعد فعال ہو گیا تھا یا وہاں کوئی نقصان بھی ہوا ہے۔

بغداد کے گرین زون میں دھماکے جمعے کی علی الصباح لگ بھگ چار بجے سنے گئے اور فوری طور پر کسی بھی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے وسط سے اب تک عراق اور شام میں امریکی فورسز پر 70 سے زائد حملے ہو چکے ہیں اور ان حملوں کی ذمے داری عراق کی شیعہ تنظیموں نے قبول کی ہے۔

حالیہ چند برسوں کے دوران بغداد کے گرین زور میں راکٹ حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

تیس دسمبر 2019 کو عراقی شہریوں کی بڑی تعداد نے امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول کر وہاں جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔ اس واقعے کے چند روز بعد سفارت خانے کے قریب راکٹ بھی گرے تھے۔

امریکہ نے 3 جنوری کو ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور حزب اللہ کے کمانڈر مہدی المھندس کو بغداد ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے میں ہلاک کیا تھا جس کے جواب میں ایران نے آٹھ جنوری کو امریکی بیس پر ایک درجن سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جس میں 11 اہلکار زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں