اسلام آباد سمیت پورے ملک میں بڑے بڑے قبضہ گروپ ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ملک ایلیٹ کلاس کابن چکا ہے اور اسلام آباد سمیت پورے ملک میں بڑے بڑے قبضہ گروپ ہیں۔

بین القوامی ہاؤسنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں میں بہت زمینیں ہیں لیکن بہت سے سرکاری محکمے حکومت کو اپنی زمین سے متعلق معلومات نہیں دے رہے تھے، اسلام آباد میں 500 ارب روپے کی زمین واگزار کرا چکے ہیں جب کہ منصوبے کے افتتاح سے پہلے اپنی تیاری مکمل کرنا چاہتے ہیں اور اگلے ماہ ہاؤسنگ منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ہاؤسنگ شروع ہوتی ہے تو اس سے جڑی 40 صنعتیں بھی شروع ہوجاتی ہیں اور ان کو فائدہ ہوتا ہے، ہماری ٹاسک فورس بڑی محنت سے کام کررہی ہے لیکن 50 لاکھ گھروں کا ہدف انتہائی مشکل چیلنج ہے جب کہ یہ ہاؤسنگ اسکیم نچلے طبقے کے لیے ہے کیوں کہ غریبوں کو اوپر لائے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس نہیں دیتے لیکن خیرات بہت دیتے ہیں، حکومت پر بھروسہ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ ٹیکس نہیں دیتے۔

عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک ایلیٹ کلاس کا بن چکا ہے، اسلام آباد سمیت پورے ملک میں بڑے بڑے قبضہ گروپ ہیں، اسلام آباد میں غریبوں کیلیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے، ہاؤسنگ اسکیم میں کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے پوری منصوبہ بندی کررہے ہیں، ہم نے کثیرالمنزلہ عمارت بنانی ہیں جب کہ ہاؤسنگ اسکیم میں نجی سیکٹرز کو کام کرنا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں نوجوان آئیں، اپنی کمپنیاں بنائیں اور کام کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے گھروں کی تعمیر نہیں کرنی بلکہ ہمارا کام نجی سیکٹر کو آسانی فراہم کرنا ہے، چین ، ملائیشیا کی کمپنیوں نے ہاؤسنگ اسکیم میں کام کرنے کی دلچسپی ظاہر کی ہے، ورلڈ بینک نے ہاؤسنگ پروگرام میں ہماری سپورٹ کرنے کا کہا ہے جو خوش آئند ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں