ایران میں تنظیم کا کوئی ٹھکانہ نہیں، ساتھیوں کی ہلاکت کی خبریں جھوٹی ہیں، بلوچ لبریشن فرنٹ

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) بلوچستان کی عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کا کہنا ہے کہ ایران میں بی ایل ایف کا کوئی ٹھکانہ یا پناہ گاہیں موجود نہیں ہے اور پاکستان کی حکومت کی جانب سے ایران میں کیے گئے حملوں میں ساتھیوں کی ہلاکت کی خبریں غلط ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کی صبح پاکستان نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے مخصوص ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ اس آپریشن کا نام’مرگ بر سرمچار‘ رکھا گیا ہے۔

پاکستان کی دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اس انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ روز ایران کی سکیورٹی فورسز نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان کے ایک سرحدی گاؤں ’سبزکوہ‘ میں رہائشی علاقے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس نے اس حملے میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جیش العدل نامی عسکریت پسند گروہ کے دو اہم ٹھکانوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے تباہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کا اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا ہے کہ ایران نے پاکستان میں حملے کے دوران ایک ’ایرانی دہشتگرد گروہ‘ کو نشانہ بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں