لاپتہ افراد کے مسئلے کا حل پارلیمان کی کمیٹیوں کے ذریعے نکالیں گے، بلاول بھٹو زرداری

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو کی مفاہمت کی پالیسی کے تحت بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی تقریب حلف برداری کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم مفاہمت کی پالیسی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے اور مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ ایک شخص یا ایک پارٹی بلوچستان کے مسائل کو حل نہیں کرسکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر مسائل کو مل کر حل کرنے کی کوشش کی جائے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مسئلہ ہے تو اسے سوات کی طرح اسے ’تھری ڈیز‘ یعنی ڈائیلاگ ، ڈویلپمنٹ اور ڈیٹیرینس کے تحت حل کریں گے۔

لاپتا افراد کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ اہم مسئلہ ہے اور پارلیمان کے کمیٹیوں کے زریعے اس کا حل نکالا جائے گا۔

انھوں نے تمام سیاسی جماعتوں کودعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اتفاق رائے پیدا کریں تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے 18ویں ترمیم اور آغاز حقوق بلوچستان کے زریعے بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی، اگر بعد میں بھی ان پر عمل کیا جاتا تو آج بلوچستان میں صورتحال مختلف ہوتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں