پشاور خودکش دھماکا، مزید 8 ملزمان گرفتار

پشاور (ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ناصر باغ روڈ پر موٹر سائیکل دھماکے میں زخمی ہونیوالے شدت پسند کی نشاندہی پر پشاور اور ضلع دیر سے مزید 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق اتوار کی صبح ناصر باغ روڈ پر اس وقت دھماکہ ہوا جب خودکش حملہ آور سمیت تین شدت پسند بارودی مواد کو منتقل کر رہے تھے۔ دھماکہ ہونے کے باعث ایک خودکش حملہ آور کے چھیٹرے اڑ گئے۔ اس دوران دوسرا شدت پسند زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا جبکہ ایک زخمی شدت پسند کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ناصرباغ پولیس اسٹیشن کا عملہ اطلاع موصول ہوتے ہی موقع پر پہنچ گیا اور رسیکیو 1122 نے دو ہلاک دہشتگردوں کو پوسٹمارٹم کے لئے خیبر میڈیکل کالج اور ایک زخمی شدت پسندوں کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق جائے وقوع پر سی ٹی ڈی (کاوئنٹر ٹیر رازم ڈیپارٹمنٹ) اور بی ڈی یو (بم ڈسپازل یونٹ) کے اہلکار موجود تھے۔ چار سے پانچ کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق بارودی مواد کو دوسری جگہ منتقل کیا جارہا تھا۔

سی ٹی ڈی ابتدائی رپورٹ

سی ٹی ڈی آفسر کے مطابق تینوں دہشتگرد پشاور میں رہائش پذیر تھے، ہلاک دہشتگرد سلیمان دیر کے مدرسے سے تعلیم حاصل کررہا تھا۔ دو دہشتگردوں کے نام عامر اور عثمان ہیں۔ تینوں پشاور کے علاقے تہکال میں عارضی رہائش پذیر تھے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دہشت گرد عثمان کی نشاندہی پر پشاور اور دیر سے 8 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے چیسیز نمبر، دہشتگردوں کے شناختی کارڈ و مدرسہ کارڈ بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔

کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ ذرائع نے ٹی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد افغانستان میں کمانڈر سلمان کو بھتہ کی رقم پہنچاتے تھے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق 3 دہشتگرد سلیمان، عامر اور عثمان بھتہ خوری میں ملوث تھے۔ جوگزشتہ ماہ بھی افغانستان گئے تھے جہاں پر گروپ کمانڈر سے ملاقات کرکے واپس آئے۔

سی ٹی ڈی ایف آئی آر درج

اس ضمن میں سی ٹی پشاور نے ایف آئی آر در کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موٹرسائیکل پر تین دہشت گرد سوار تھے۔ ایک دہشت گرد ٹکڑے ٹکڑے حالت میں پڑا ملا، دو شدید زخمی دہشتگردوں کو ایمبولینس کے زریعے کے ٹی ایچ روانہ کیا۔ موقع پر بی ڈی یو، سی ٹی ڈی سٹاف کے افسران موجود تھےِ، موٹر سائیکل میں رکھے 4 سے 5 کلوگرام بارود کو تینوں دہشت گرد کسی خاص ٹارگٹ پرنقصان پہنچانے کے لئے لےجارہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ دہشت گرد بارود کو ایک بااثر شخص کے گھر باہر نصب کرانے کے لئے لے جا رہے تھے۔ اسکو ڈرانا مقصود ہو۔

دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج

ناصر باغ روڈ پردھماکے کی سی سی ٹی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار تین دہشگردوں نے بورڈ بازار سے ناصر باغ روڈ استعمال کیا۔ جبکہ ناصر باغ روڈ پر دہشگرد کچھ وقت کے لئے رک گئے تو زور دار دھماکہ ہوگیا۔ دھماکہ میں چار سے پانچ کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں