پشاور میں پولیس موبائل پر فائرنگ، دو اہلکار ہلاک، افسر شدید زخمی

پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مچنی گیٹ کے علاقے میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر ڈاگ لار کے علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کردی۔

حملے میں موبائل انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر مظہر خان شدید زخمی جبکہ کانسٹیبل اجمل اور سراج موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے جبکہ بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعےکی مذمت کرتے ہوئے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد حملوں کے سبب سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

گزشتہ ماہ 27 فروری کو خیبر پختونخوا کے شہر مردان اور پشاور میں فائرنگ سے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اور ایک اہلکار ہلاک جبکہ ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

5 فروری کو خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں تھانہ چودہوان پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں