شمالی وزیرستان: دتہ خیل میں‌ دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے حوالدار وحید اور نائیک آصف ہلاک ہوگئے جبکہ زخمیوں میں حوالدار عزیز، سپاہی شیر علی اور شیر اکبر شامل ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ 13 اور 14 مارچ کی رات کو ہوا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

بدھ اور جمعرات کی شب کو ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا کسی تنظیم یا گروہ نے اب تک دعویٰ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ ان خبروں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں کیونکہ مذکورہ علاقوں میں میڈیا کو رسائی حاصل نہیں ہے، اس لیے ذرائع ابلاغ کو سرکاری اطلاعات پر ہی اکتفا کرنا پڑتا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں