شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، دو دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دو دہشت گرد مارے گئے۔

پاکستانہ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو دہشت گرد ہلاک، جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ 18 مارچ کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سحرا عرف جانان سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

سحرا عرف جانان نے 16 مارچ کو میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا اور سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔

16 مارچ کو شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر اور 5 جوان ہلاک ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں