اسٹیبلشمنٹ بھی ناراض اور ہتھیار پھینکنے والے بلوچوں کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے تمام ناراض بلوچوں کو ایک مرتبہ پھر ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ بھی چاہتی ہے کہ ناراض بلوچوں سے بات کی جائے اور ہتھیار پھینک کر اور تشدد ترک کرنے والوں کے لیے ریاست کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے پروگرام ’لائیو ود عادل شاہ زیب‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومی دھارے میں شامل ہونے کی صرف ایک شرط ہے کہ ہتھیار پھینکنا ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم ان ناراض بلوچوں کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ آئیں اور قومی دھارے میں شامل ہوں، پرامن بلوچستان کی پالیسی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے وقت میں بنی تھی، اس میں بہت سارے لوگوں نے سرنڈر کیا تھا جن کا ریاست نے خیال کیا تھا اور حال ہی میں سرفراز بنگلزئی نے خود سرنڈر کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس طرح اگر ناراض بلوچوں کی مرکزی قیادت یا دوسرے درجے کی قیادت واپس آنا چاہتی ہے، ہتھیار ڈالنا چاہتی ہے تو اس سے اچھی بات کیا ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ یقیناً سب سے اہم اسٹیک ہولڈر ہے اور انھیں اس شورش کے بارے میں جو کچھ معلوم ہے وہ کسی سیاستدان کو نہیں معلوم، وہ اس نقطہ پر ساتھ ہیں کہ عام معافی کا اعلان ہونا چاہیے اور جو لوگ ہتھیار پھینک کر اور تشدد ترک کر کے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے ریاست نے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں