شانگلہ: بشام میں چینی انجینیئرز کے قافلے پر خودکش حملہ، 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک

پشاور (ڈیلی اردو/بی بی سی/اے پی) پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں مبینہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں پانچ چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

بشام سے پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ چینی انجینیئرز ایک قافلے کی شکل میں داسو ڈیم کی جانب جا رہے تھے۔ ضلع شانگلہ میں بشام کے علاقے میں رودکی کیچ کے مقام پر دوسری گاڑی میں سوار خود کش حملہ آور نے چائنیز کی گاڑی کو ٹکر ماری جس سے دھماکہ ہوا اور گاڑی کھائی میں گر گئی۔

ریسکیو 1122 اہلکاروں کے مطابق دھماکے کے باعث گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جسے بجھا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید ٹیمیں موقع پر پہنچ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ علاقہ ضلع کوہستان اور ضلع شانگلہ کی سرحد پر واقع ہے اور ان علاقوں میں چینی انجینیئرز مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

مقامی پولیس اہلکار بخت ظاہر نے بتایا کہ چینی ٹیم میں چار مرد اور خاتون شامل تھیں جبکہ ان کی گاڑی کے ڈرائیور ایک پاکستانی شہری تھے۔

انھوں نے کہا کہ حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرائی۔ اس واقعے کے بعد پولیس حکام سمیت بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

اس سے پہلے 2021 میں بھی داسو ہائیڈل پاور ڈیم پر کام کرنے والے چینی انجینیئرز کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 9 چینی انجینیئرز سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حملہ بھی داسو ڈیم پر کام کرنے والے غیر ملکی انجینیئرز پر کیا گیا تھا۔

ڈی ایس پی جمعہ الرحمن نے بی بی سی کے نامہ نگار عثمان زاہد سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اس خودکش حملے میں پانچ چینی باشندے جبکہ ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوا۔

واضح رہے کہ داسو میں ایک بڑا ڈیم واقع ہے، اس علاقے پر ماضی میں بھی دہشت گردوں کی جانب سے حملے ہوتے رہے ہیں، 2021 میں ایک بس میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 9 چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد اپر کوہستان سمیت ملحقہ لوئر کوہستان اور گلگت بلتستان کے دیامیر چلاس میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی جب کہ چین سمیت عالمی بینک نے بھی اس واقعے کو افسوس ناک قرار دے کر حکومتِ پاکستان سے ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور سزا دینے پر زور دیا تھا۔

بعد ازاں ایبٹ آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے نومبر 2022 میں اپر کوہستان میں ڈیم کی تعمیر کے منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینئرز پر حملے کے مقدمے میں دو ملزمان کو سزائے موت سنائی جب کہ چار دیگر نامزد ملزمان کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا گیا تھا۔

حکومتِ پاکستان نے 27 جنوری 2022 کو چینی انجینئرز کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ 16 لاکھ امریکی ڈالر کا معاوضہ بھی ادا کیا تھا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفارتخانے میں چینی سفیر سے ملاقات، تحقیقات کی یقین دہانی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی دھماکے کے فوری بعد چینی سفارت خانہ جا کر چینی سفیر سے ملاقات کی ہے۔محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے بھی چینی سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ کا شانگلہ میں ’دہشت گرد‘ حملے میں چینی شہریوں کے ہلاک ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

چینی باشندوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا گھناؤنی شازش ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کا شانگلہ بشام کے مقام پر مسافر وین پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ چینی باشندوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا گھناؤنی شازش ہے۔

انھوں نے چینی باشندوں اور مقامی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص اور با اعتماد دوست ہے، چینی باشندوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام دہشتگردی کے اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے اس واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں