وزیر اعظم شہباز شریف کا چینی انجینیئرز پر خودکش حملے کی جامع مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی انجینیئرز پر خودکش حملے کے واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزرا اور آرمی چیف سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے بشام واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقات کے لیے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں میں ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت پانچ چینی باشندے اور گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں