سپریم کورٹ کے مزید پانچ ججز کو دھمکی آمیز خطوط موصول

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) سپریم کورٹ آف پاکستان کے مزید پانچ ججز کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے سکیورٹی حکام نے یہ خطوط کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حوالے کر دیے ہیں۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس سمیت چار ججز کو پہلے ہی دھمکی آمیز اور پاؤڈر پر مبنی خطوط موصول ہو چکے ہیں۔

پولیس اہلکاروں نے عالمی خبر رساں ادارے بی بی سی کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے ان دس ججز کو ایک ہی روز خطوط پوسٹ کیے گئے تھے جن میں سے کچھ کو تین دن پہلے اور کچھ کو آج موصول ہوئے ہیں۔

جن ججز کو یہ خطوط آج موصول ہوئے ہیں ان میں جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت سی ٹی ڈی نے یکم اپریل کو ججز کو موصول ہونے والے خطوط کا مقدمہ تین اپریل کو درج کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی خط موصول

ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط موصول ہوا ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی تک خط پہنچنے کے بعد اب لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو ملنے والے مشکوک خطوط کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط موصول ہوا۔ اطلاع ملتے ہی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام اور پولیس لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں