اسٹیبلشمنٹ کی موجودہ قیادت دیانتدار ہے جس کے کوئی ذاتی مقاصد نہیں، لیگی سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ

فیصل آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کی اسٹیبلشمنٹ کی موجودہ قیادت ’انتہائی دیانت دار‘، ’آزاد‘ اور ’بے غرض‘ ہے۔

بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت جو اسٹیبلشمنٹ کی مرکزی پوزیشنوں پر تعینات لوگ ہیں ’ان کے کوئی ذاتی مقاصد نہیں۔‘

خیال رہے گذشتہ کئی دنوں سے رانا ثنا اللہ اپنی ہی حکومت کے کچھ وزرا خصوصاً وزیرِداخلہ محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’محسن نقوی صاحب جو نیا عہدہ چاہیں گے ان کو مل جائے گا، ویسے میرا خیال ہے کہ محسن نقوی صاحب کا کافی محاسبہ ہوگیا ہے، اس لیے فیصل واوڈا صاحب کی اب بات کرلیں۔ فیص واوڈا صاحب، محسن نقوی صاحب، انوار الحق کاکڑ صاحب وہ سارے لوگ ایک ہی خاندان اور قبیلے سے ہیں۔‘

لیگی رہنما نے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کو بھی ان لوگوں کا ’کزن‘ قرار دیا۔

خیال رہے فیصل واوڈا، محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور انوار الحق کاکڑ آزاد حیثیت میں پاکستان کی سینیٹ کے رُکن منتخب ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں