اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دیدیا

نیویارک / اسلام آباد ( نیوز ڈیسک + نیوز ایجنسیز) چین کی جانب سے تکنیکی اعتراض ختم کئے جانے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1267پابندی کمیٹی نے کالعدم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد قرار دیدیا ہے تاہم پلوامہ حملے سے منسلک کرنے کی تجویز مسترد کردی ۔ مسعود اظہر کے تمام اثاثے منجمد اور جائیداد ضبط کردی گئی ہے جبکہ ان پر ہتھیار رکھنے اور سفر کرنے پر پابندی ہوگی ۔

فیصلے کا بھارت اور فرانس نے خیر مقدم کیا ہے تاہم پاکستان کا کہنا ہے کہ مسعود اظہر کو تحریک آزادی کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی ، پابندیوں پر فوری طور پر عمل درآمد ہوگا۔ دوسری جانب چین نے انسداد دہشت گردی پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہےکہ عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرے اور تعاون کو فروغ دے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ میں عمران خان اور شی جن پنگ کی ملاقات میں مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق چین کی جانب سے تکنیکی اعتراض ختم کئے جانے کے بعد سلامتی کونسل کی 1267پابندی کمیٹی نےکالعدم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ سلامتی کونسل نے مسعود اظہر کے اثاثے منجمد کردیئے اور ان کے سفر اور ہتھیار رکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

کونسل کی کمیٹی نے مسعود اظہر پر پابندی کو پلوامہ حملے اور کشمیری تحریک سےمنسلک کرنے کی کچھ ممالک کی تجویز مسترد کردی۔ سلامتی کونسل کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ʼسکیورٹی کونسل کی 1267پابندی کمیٹی نے دہشتگرد تنظیموں داعش، القاعدہ، ان سے منسلک افراد، گروپ اور اداروں سےمتعلق قرار دادوں 1267 (1999)، 1989 (2011) اور 2253 (2015) کے مطابق مسعوداظہرکانام پابندی کی فہرست میں شامل کرنےکی منظوری دیدی ہے۔

ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندی کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی ہے، جن تکنیکی قواعد و ضوابط کے تحت اس فہرست میں افراد کے نام شامل کئے جاتے رہے ہیں پاکستان نے ہمیشہ اس کے احترام کی ضرورت پر زور دیا، مولانا مسعود اظہر کو پلوامہ حملے سے جوڑنے ، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کی بھارتی کوششوں کو ہم نے ناکام بنایا ، کالعدم تنظیموں کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ، مسعود اظہر کے اثاثے منجمد، سفری پابندی، اسلحے کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی، پاکستان پابندیوں پر فوری طور پر عمل درآمد کریگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا مسعود اظہر کو پلوامہ حملے سے جوڑنے ، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کی کوششوں کو ہم نے ناکام بنایا، پاکستان کا عزم ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کالعدم تنظیم کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے مسعود اظہر کا نام شامل کئے جانے کو بھارتی بیانیے کو بھارتی کامیابی قرار دینے کی کوشش کی گئی۔ ان کا یہ دعویٰ قطعی بے بنیاد اور غلط ہے۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے معمول کی میڈیا بریفنگ کے دوران صحافیوں کوبتایا کہ چین دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کےلئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔

عوامی جمہوریہ چین بین الاقوامی برادری سے بھی کہتا ہے کہ وہ منصفانہ انداز میں حقائق کا تجزیہ کرے اور دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کیساتھ تعاون کو فروغ دیں۔

ترجمان نے زور دیکر کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار موسمیاتی اسٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنر ہیں اور دونوں ممالک اپنے مضبوط ارادوں کیساتھ باہمی مفادات اور دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیں گے، پاکستان ہمیشہ سے عوامی جمہوریہ چین کی سفارتی ترجیحات میں رہا ہے اور ہم پوری مضبوطی کیساتھ پاکستان کی خودمختاری کی حفاظت کےلئے اپنا بھر پور تعاون جاری رکھیں گے اور دونوں ممالک سفارتی محاذ پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت جاری رکھیں گے اور اعلیٰ سطح کے باہمی روابط کو مزید فروغ دیا جائیگا جس سے دونوں ممالک کے مابین اسٹرٹیجک تعاون کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں