حکمران کشمیر کو بیچ چکے ہیں عوام کو سچ بتائیں: مولانا فضل الرحمٰن

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علما اسلام (ف)  کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکمران کشمیر کو بیچ چکے ہیں اور کشمیریوں کے ساتھ نمائشی قسم کی خیر خواہی ظاہر کی جارہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت روزانہ کئی کئی جھوٹ بول رہی ہے، کشمیریوں کے ساتھ نمائشی قسم کی خیر خواہی ظاہر کی جا رہی ہے،  کشمیری اور پاکستانی قوم اب کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، حکمران کشمیر کو بیچ  چکے ہیں، عوام کو سچ بتائیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کو ضم کیا، ہمیں فاٹا کی صورت میں ضم کیا گیا، پہلے ہم سوچتے تھے کہ سری نگر کو کیسے بچائیں اور اب سوچتے ہیں کہ مظفر آباد کیسے بچائیں گے؟ کشمیر کا دارومدار اب کشمیریوں پر ہے، کشمیری جو بھی حکمت عملی بنائیں گے پاکستانی عوام ساتھ کھڑے ہوں گے۔

قبل ازیں مولانا فضل الرحمٰن سے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن(ر) صفدر نے بھی ملاقات کی، ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال، چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قراردار میں ناکامی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اور کیپٹن صفدر نے نوازشریف کا خصوصی پیغام مولانا فضل الرحمٰن کو پہنچایا اور بتایا کہ نواز شریف نے اسلام آباد لاک ڈاون کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے نواز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر کی گرفتاریوں کے خلاف آواز اٹھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نیب کا ادارہ حکومت کے ہاتھوں استعمال ہو رہا ہے، حکومت نیب کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں