کورونا وائرس: پاکستان میں مزید 140 ہلاکتیں

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں گذشتہ روز مزید 4298 افراد کووڈ 19 سے متاثر ہوئے جبکہ 140 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔

گذشتہ روز ملک میں 44 ہزار ٹیسٹ کیے گئے جو گذشتہ کئی ہفتوں سے ٹیسٹنگ میں کمی کے رجحان کی جانب سے اشارہ ہے۔ ان ٹیسٹوں کے نتیجے میں مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ پانچ فیصد رہی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر مختلف علاقوں میں سنیچر سے مکمل لاک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 18677 ہو گئی ہیں اور مجموعی کیسز 8 لاکھ 50131 تک جاپہنچے ہیں۔

حکومت کا عید پر مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ، عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل

وزیر اعظم عمران خان کے دفتر کی طرف سے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان نے اس عید پر مکمل لاک ڈاؤن کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔

اس ٹویٹ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں