شمالی وزیرستان: غلام خان میں جھڑپ، 4 دہشت گرد اور کیپٹن سمیت 5 اہلکار ہلاک، 6 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں سیکیورٹی فورسز اور مبینہ دہشت گردوں کے درمیان پیر کو ہونے والی جھڑپ میں چار عسکریت پسند اور کیپٹن سمیت پانچ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے غلام خان کے علاقے شیروانگی پال میں عسکریت پسندوں کے کیمپ اور ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا۔

ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور مزاحمت کی گئی جس سے کیپٹن ولی وزیر سمیت پانچ سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ یا چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے چار مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ جبکہ تین حملہ آوروں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ابھی تک کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے زیر قبضہ اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

کارروائی کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں بدستور ملوث رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں