پشاور میں دہشت گردی کا خطرہ، سیکورٹی ہائی الرٹ

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے صوبائی حکومت پشاور میں خودکش حملہ آور کے داخل ہونے کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے مبینہ طور پر ضلع پشاور میں خودکش حملے کا منصوبہ ہے اس سلسلے میں کال ٹریس ہونے کی بنیاد پر متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق خودکش حملہ آور پشاور میں داخل ہو چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا ہدف پولیس لائنز، مذہبی مقامات، مختلف بازار اور دیگر حساس مقامات ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شدت پسندوں کی جانب سے پولیس کی وردیوں میں حملے کی اطلاعات پر ریڈ زون میں دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا تھا۔

مذکورہ الرٹ کی روشنی میں دوبارہ سے حساس مقامات کی سکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے اور مشکو ک افراد اور گاڑیوں کی نگرانی کی ہدایت کردی گئی ہے اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلز اور مسافر خانوں میں بھی چھان بین کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

پشاور سٹی اور کینٹ کے مختلف بازاروں میں بھی حفاظتی نقطہ نظر سے تاجروں کو خبردار رہنے اور مشکوک افراد اور سامان وغیرہ سے متعلق نزدیکی پولیس کو اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں