امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد بھارت نے کلوروکوین کی برآمد سے پابندی ہٹا لی

نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارت کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ہندوستان نے کلوروکوین اور پیراسٹامول سمیت 14 دواؤں کی برآمد پر سے پابندی ہٹاتے ہوئے ان دواؤں کی ’مناسب مقدار‘ ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت کی جانب سے سامنے آنے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت ان دواؤں کو ہمسایہ ممالک کو بھجوانے کے علاوہ ایسے ممالک کو بھی بھجوائے گا جو اس ’عالمی وبا سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔‘

پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر انڈیا نے اس دوا کی کھیپ امریکہ نہ بھیجی تو اسے جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ اس دوا کو کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں ’گیم چینجر‘ قرار دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ متعدد وائرولوجسٹ اور متعدی امراض کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کلوروکوین کے حوالے سے پائی جانے والی پرامیدی قبل از وقت ہے اور اس حوالے سے فی الحال ٹھوس تحقیق نہیں کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں