فرانس میں خواتین کے حجاب پہننے کی پابندی اب نجی شعبے میں بھی لاگو ہوگی، ایمانوئیل میکرون

پیرس (ڈیلی اردو) فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا ہے کہ فرانس میں خواتین پر حجاب پہننے کی پابندی کو اب نجی شعبے میں بھی لاگو کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے پیرس میں خطاب کے دوران کہا کہ فرانس میں بیرونی مداخلت سے پاک ‘روشن خیال اسلام‘ کی بہت گنجائش ہے۔

صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ انتہا پسندی روکنے کے لیے حکومت ایک نیا قانون لا رہی ہے جس سے مذہبی اور سماجی تنظیموں کے مالی معاملات کی بہتر نگرانی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی پھیلانے والے نجی مدارس کے خلاف کارروائی اور مذہب کے نام پر بچیوں اور خواتین پر قدغن لگانے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے مطابق اگلے سال سے تمام بچوں کے لیے اسکول جانا لازمی ہو گا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک مسلمان خاتون کے اجلاس میں حجاب پہننے پر دائیں بازو اور ری پبلکن اراکین پارلیمنٹ احتجاجاً واک آؤٹ کر گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں