سائفر آڈیو لیکس: ایف آئی اے نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو طلب کرلیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) سائفر آڈیو انکوائری کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو یکم نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے شاہ محمود قریشی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے نوٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی کو 12 بجے ایف آئی اے ہیڈ کواٹرز پہنچنا ہوگا اور ایجنسی کے تفتیش کاروں کے سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو ایک بڑے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے جیب سے ایک خط نکال کر لہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بیرونِ ملک سے ان کی حکومت گرانے کی سازش ہو رہی ہے اور انھیں ’لکھ کر دھمکی دی گئی ہے‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے خلاف آنے والی تحریکِ عدم اعتماد کا تعلق بھی اسی ’دھمکی آمیز خط‘ سے ہے۔

آڈیو میں سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو سائفر کے حوالے سے ایک میٹنگ بلانے کا مشورہ دیتے بھی سُنا جا سکتا ہے اور وہ اس اجلاس میں اس وقت کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور خارجہ سیکریٹری کو بلانے کے لیے کہتے ہیں۔

ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے سنے جا سکتے ہیں کہ اس اجلاس کے منٹس وہ خود تیار کریں گے جن میں اپنی مرضی کا تجزیہ کیا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’سائفر بھی حقیقت نکلا اور (عمران خان کے آڈیو میں موجود الفاظ) ’ہے تو بیرونی سازش ہی‘ گواہی ہے کہ کیوں ڈونلڈ لو نے کہا تھا کہ عمران خان کو نہ ہٹایا تو پاکستان کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں