ایران نے پاسداران انقلاب کے خلاف ممکنہ جرمن پابندیوں کو مسترد کردیا

تہران (ڈیلی اردو/اے پی/رائٹرز) ایران کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب کے خلاف ممکنہ پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں جرمن حکام کے بیانات غیرذمہ دارانہ اور غیر تعمیری ہیں۔

پیر کی بریفنگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصرکنعانی نے کہا کہ ایسی پابندیاں غیر قانونی ہوں گی۔

واضح رہے کہ جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے اتوار کو کہا تھا کہ جرمنی اور یورپی یونین آئی آر جی سی (سپاه پاسداران انقلاب اسلامی) کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پرغور کر رہی ہیں۔ انہوں نے نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو بتایا کہ اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ کس طرح آئی آر جی سی کو ایک دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد کیا جائے۔

ایران کے پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی کی جانب سے مظاہرین کو مزید مظاہرے نہ کرنے کی تنبیہ کے ایک دن بعد جرمنی کی وزیر خارجہ بیرباک نے یہ بیان دیا تھا۔

ستمبر کے وسط میں 22 سالہ مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد سے ایران میں کئی ہفتوں سے مظاہرے جاری ہیں، مہسا امینی کو ایران کی اخلاقی پولیس نے خواتین کے لیے لباس سے متعلق سخت ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں