خضدار میں دھماکا، سی ٹی ڈی کا انسپکٹر ہلاک، بلوچ لبریشن آرمی نے ذمہ داری قبول کرلی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے انسپکٹر شربت خان عمرانی خضدار قومی شاہراہ میڈیکل کالج کے نزدیک دھماکے میں ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی خضدار نے کہا کہ ایس ایچ او خضدار انسپکٹر شربت خان عمرانی گھر سے دفتر کی طرف جا رہے تھے کہ خضدار قومی شاہراہ کے قریب ان کی گاڑی میں دھماکا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او خضدار شربت خان عمرانی دھماکے کے بعد موقع پر دم توڑ گئے تھے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس، سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق انسپکٹر کا جسد خاکی خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترجمان بی ایل اے جیئند بلوچ نے دعوی کیا ہے کہ شربت خان سی ٹی ڈی سے منسلک ہوکر بلوچوں کو جبری لاپتہ کرنے، انہیں تشدد کا نشانہ بنانے اور جعلی مقابلوں میں قتل جیسے جرائم کا مرتکب پایا گیا تھا۔ بلوچ لبریشن آرمی اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور ہم واضح کرتے ہیں کہ بلوچ قوم پر ہونے والے مظالم کا ہرصورت حساب لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں