جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ پھٹنے سے دو بہنیں ہلاک

وانا (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے نواحی علاقے توندہ درہ میں بارودی مواد کا دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو بہنیں ہلاک ہوگئیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے توندہ درہ میں زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد 2 لڑکیوں کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا جن کی شناخت مقامی شخص جنان خان کی بیٹیوں سے ہوئی۔

دونوں لڑکیوں کی عمریں بالترتیب تقریبا 8 اور 15 سال بتائی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت طبی امداد دینے کی عرض سے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی مگر جانبر نہ ہوسکیں اور دونوں دم توڑ گئیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق جنان خان ایک چرواہاہے اور مال مویشی کا کاروبار کرتا ہے۔

یاد رہے ایک روز قبل بھی جنوبی وزیرستان میں بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں ملک داؤد اور خون جان شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں عابد، جنید اور شاہد شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں