خیبر: طورخم بارڈر میں افغان طالبان اور پاکستانی فورسز کے درمیان جھڑپ، پاکستانی اہلکار زخمی

لنڈی کوتل (ڈیلی اردو/ٹی این این) پاک افغان سرحد طورخم پر افغان طالبان اور پاکستان فورسز اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہاتھا پائی میں ایک ایف سی اہل کار زخمی ہوا ہے، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد طورخم سرحدی گزر گاہ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے، جس سے پیدل آمد و رفت سمیت تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔

مقامی خبر رساں ایجنسی ٹی این این سے بات کرتے ہوئے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ “ہاتھا پائی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب بارڈر پر ایف سی اہلکار نے ایک شخص کو روکا جس کے ساتھ چینی تھی، جس پر افغان فورسز نے ایف سی اہلکار کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔”

اہلکار کے مطابق ہاتھا پائی کے بعد پاک افغان بارڈر کو ہر قسم پیدل اور تجارتی سرگرمیوں کے بند کر دیا گیا تاہم کچھ دیر بعد کامیاب مذاکرات کے بعد بارڈر کو آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں