شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (ڈیلی اردو) سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1742213967601406317?t=pAGJtkiB-78iXgFYLmQlSQ&s=19

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 2 جنوری 2024 کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور بڑے پیمانے کے دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جو سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کی وجہ سے ٹل گیا۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں